پاکستان میں گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت پر درآمد کنندگان کی نمائندہ تنظیموں نے وزیراعظم شہباز شریف، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا شاہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن (ایپڈا) کے سرپرستِ اعلیٰ میاں شعیب احمد، آٹوموٹیو ٹریڈرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی (آٹیاک) کے چیئرمین محمد کامران خان اور جاپان کار ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن فار پاکستان کے صدر انجینئر راشد محمود اعوان نے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
دریں اثنا، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے دو اکتوبر 2026 کو ہارون اختر خان کے نام خط میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد اور آٹوموبائل تجارت کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ان کی دلچسپی، کوششوں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کاری کو سراہا۔
خط کے مطابق کاروباری نمائندوں کے تحفظات سننے اور انہیں عملی اقدامات میں تبدیل کرنے سے ہزاروں ڈیلرز، درآمد کنندگان اور متعلقہ کاروبار کو اعتماد اور پالیسی کی وضاحت ملے گی جبکہ شفاف، دستاویزی اور منظم تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔
تینوں رہنماؤں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی گفٹ اور ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیموں کے تحت درآمد کردہ گاڑیوں پر ایک سالہ ملکیت منتقلی کی پابندی بھی ختم کی جائے۔
ان کا مؤقف ہے کہ مکمل ٹیکس اور ڈیوٹیز کی ادائیگی کے بعد مالی یا خاندانی ضرورت پر گاڑی فروخت کرنے کی سہولت ہونی چاہیے، تاکہ ملکیت کے ریکارڈ میں پیچیدگیاں پیدا نہ ہوں۔