وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سندھ نے ملاقات کی ہے۔
دورانِ ملاقات مصطفیٰ کمال کو سندھ اور بالخصوص کراچی میں انسدادِ پولیو کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم 11 سے 24 مئی تک شیڈول ہے، کراچی کی منتخب ہائی رسک یونین کونسلز میں مہم 10 سال تک کے بچوں کے لیے ہو گی، آنے والے ہفتوں میں مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی کے بعض علاقوں میں ویکسینیشن کوریج کو بہتر بنایا جائے، سہراب گوٹھ میں ڈسپنسری قائم کی جا رہی ہے جہاں جلد کام شروع ہو گا۔
وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ جن علاقوں میں وائرس پایا جا رہا ہے وہاں ریڈ زون حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے، پولیو ورکرز کی تربیت اور مائیکرو پلاننگ کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، ویکسین سے بچ جانے والے بچوں کی نشاندہی اور ویکسینیشن پر زور دیا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی لیڈرز، علماء اور سماجی شخصیات کو مہم میں شامل کیا جا رہا ہے، کچی آبادیوں اور دیہی دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ شہری سطح پر نئے ویکسینیشن سینٹرز اور ڈسپنسریز کے قیام پر بھی کام ہو رہا ہے۔