یورپ کے خطرناک جرائم پیشہ نیٹ ورک کے سربراہ ڈینیئل کیناہن کو دبئی میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
48 سالہ ملزم کئی برسوں سے مختلف ممالک میں روپوش تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچتا پھر رہا تھا۔
آئر لینڈ کی پولیس کے مطابق ڈینیئل کیناہن کی گرفتاری عدالتی وارنٹ کے تحت عمل میں آئی ہے جبکہ دبئی پولیس نے ایک آئرش مفرور کی حراست کی تصدیق کی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیناہن کو آئر لینڈ منتقل کر کے اس کے خلاف مقدمات چلائے جائیں گے۔
کیناہن پر متعدد سنگین جرائم سمیت ایک طویل عرصے سے جاری گینگ دشمنی میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد ہے جس کے نتیجے میں 2015ء سے اب تک 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تنازع کیناہن گروہ اور ایک مخالف گروہ کے درمیان جاری تھا۔
ملزم ڈینیئل کیناہن نے 2016ء میں ڈبلن کے ایک ہوٹل میں فائرنگ کے واقعے کے بعد آئر لینڈ چھوڑ دیا تھا اور بعد ازاں اسپین اور پھر متحدہ عرب امارات منتقل ہو گیا تھا، اس دوران وہ مسلسل اپنی جگہ تبدیل کر کے گرفتاری سے بچتا رہا۔
آئر لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ کیناہن کا نیٹ ورک یورپ میں منشیات کی اسمگلنگ میں ایک بڑا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
2022ء میں امریکی حکام نے اس نیٹ ورک کے خلاف معلومات فراہم کرنے پر 5 ملین ڈالرز کے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔