ترکیہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا دونوں کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کا عزم موجود ہے۔
ترکیہ کے جنوبی صوبے انطالیہ میں ایک سفارتی فورم سے گفتگو کرتے ہوئے ہاکان فیدان نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی کئی معاملات پر اختلافات باقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدھ کو ختم ہونے والی جنگ بندی میں توسیع کی جانی چاہیے۔
ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ ایران-امریکا مذاکرات لبنان کی صورتحال پر اثر انداز ہورہے ہیں، جبکہ اسرائیل اس توجہ کی منتقلی کا فائدہ اٹھا کر زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود زمین پر قبضے کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔