ایجبسٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شان مسعود بدقسمت رہے، جب کھا نے کے وقفے کے بعد وہ دوسری اننگز میں ایٹکنسن کی گیند پر سلپ میں ڈین لارنس کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پویلین لوٹ گئے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 8 ویں سینچری مکمل نہ کر سکے، شان مسعود نے 148 گیندوں پر 12 چوکوں کے ساتھ 95 رنز بنائے۔
اپنی اس اننگز کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان نے سابق ٹیسٹ اوپنر اور 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن رمیز حسن راجا اور لیجنڈ فاسٹ بولر اور سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم کو ٹیسٹ کرکٹ میں رنز بنانے میں پیچھے چھوڑ دیا۔
رمیز راجا نے پاکستان کے لیے 1984 سے 1997 تک 57 ٹیسٹ کی 94 اننگز میں 31.83 کی اوسط سے 2833 رنز 2 سینچریوں اور 22 نصف سینچریوں کی مدد سے اسکور کئے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ریکارڈ 10099رنز لیجنڈ یونس خان نے اسکور کئے ہیں، شان مسعود سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے پاکستانی بیٹرز میں اب 23 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
شان مسعود نے 50 ٹیسٹ کی 96 اننگز میں 30.80 کی اوسط سے 2926 رنز 7 سینچریوں اور 15 نصف سینچریوں کی مدد سے اسکور کئے ہیں۔
برمنگھم کا ایجبسٹن ٹیسٹ شان مسعود کے کیرئیر کا 50 واں ٹیسٹ ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں میچوں کی نصف سینچری مکمل کرنیوالے پاکستان کے 33 ویں کھلاڑی ہیں۔
پاکستان کے لئے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے لیجنڈ جاوید میانداد ہیں، جنھوں نے 1976 سے 1993 تک پاکستان کے لیے ریکارڈ 124 ٹیسٹ کھیلے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک پاکستان کے پانچ کھلاڑی میچوں کی سینچری مکمل کر سکے ہیں۔