غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی، پاکستان سمیت 8 ملکوں کا برطانوی فیصلے کا خیرمقدم

پاکستان سمیت 8 ملکوں نے برطانیہ کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

ایک مشترکہ بیان میں پاکستان، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے اشیا کی درآمد پر پابندی عالمی برادری کو ایسے اقدامات کی جانب متحرک کرے گی۔ 

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے منسلک خدمات پر پابندی کے برطانوی فیصلے کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں، عالمی برادری اسرائیلی غیر قانونی بستیوں کی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ 

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تمام ممالک اسرائیل کے غیر قانونی قبضے سے پیدا شدہ صورتحال کو قانونی تسلیم نہ کریں، اسرائیل غیر قانونی بستیوں سے متعلق تمام اقدامات واپس لے۔ 

انھوں نے کہا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا لازمی حصہ ہے۔ غزہ تنازع ختم کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے پر مکمل اور فوری عمل درآمد کیا جائے۔ 

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں سلامتی، استحکام اور انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ مشترکہ بیان کے مطابق منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کا واحد قابل عمل راستہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہے۔