دلجیت دوسانجھ کے نئے گانے ’ڈیول‘ کو حالیہ طلبہ احتجاج سے جوڑ دیا گیا

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے نئے گانے ’ڈیول‘ کی میوزک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی، جس میں احتجاج، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

دلجیت نے اپنے نئے گانے کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کو احتجاج کرتے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

ویڈیو میں ’Save Our Future‘ اور ’Our Future, Our Fight‘ جیسے پیغامات بھی دکھائے گئے ہیں۔

اگرچہ دلجیت نے گانے میں کسی مخصوص احتجاج یا تنظیم کا نام نہیں لیا، تاہم بعض ناظرین نے ویڈیو کے مناظر کو جولائی میں ہونے والے طلبہ کے احتجاج سے جوڑ دیا۔

ویڈیو میں دلجیت کو مظاہرین کے ہجوم کے درمیان کھڑا دکھایا گیا ہے، جبکہ پولیس اور احتجاج کرنے والوں کے درمیان صورتِ حال کشیدہ ہو جاتی ہے اور جھڑپوں کے مناظر بھی سامنے آتے ہیں۔

ویڈیو کے اختتام پر ایک کم عمر لڑکی ہاتھ میں سفید گلاب لیے پولیس اہلکار کی جانب بڑھتی ہے، جس کے بعد پولیس اہلکار اس کی طرف آ کر اسے گلے لگا لیتا ہے۔

ویڈیو کے آخر میں ’Don’t try this at home‘ کے الفاظ دکھائے گئے، جس کے بعد ’I’m An Artist Bro‘ کا پیغام سامنے آتا ہے۔

احتجاجی مناظر کے باعث سوشل میڈیا صارفین میں یہ بحث شروع ہو گئی کہ آیا ویڈیو کا تعلق حالیہ طلبہ احتجاج سے ہے یا نہیں۔

ویڈیو پر ہونے والی بحث نے دلجیت کے ان سابقہ بیانات کو بھی دوبارہ نمایاں کر دیا ہے جو انہوں نے جولائی میں ہونے والے احتجاج کے دوران دیے تھے۔

ایک انسٹاگرام لائیو سیشن میں احتجاج سے متعلق سوال پر دلجیت نے کہا تھا کہ میں ایک فنکار ہوں، سیاست دان نہیں۔

 انہوں نے کہا تھا کہ اپنے ٹور میں مصروف ہونے کی وجہ سے میں صورتِ حال سے مکمل طور پر آگاہ نہیں تھا۔

بعد ازاں اداکار و گلوکار نے طلبہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ طلبہ کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے تھا، حکام کو ان کے مطالبات سننے چاہئیں۔

دلجیت نے یہ بھی کہا تھا کہ ماضی میں مجھے کئی مرتبہ ’اینٹی نیشنل‘ قرار دیا جا چکا ہے اور خدشہ ظاہر کیا کہ اس معاملے پر بھی مجھے اسی طرح کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گانا’ڈیول‘ دلجیت کے ای پی ’I’m An Artist Bro‘ کے 7 گانوں میں شامل ہے۔