مینز ٹیم کے بعد ویمنز ٹیم کی بھی شاندار کارکردگی

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا 

مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ کے آخری راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔

دوسری جانب ویمنز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا، پاکستان جونیئر ویمنز ہاکی ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

مینز اینڈ ویمنز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ چین میں جاری ہے جہاں مینز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ کے آخری راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی، ​میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا۔

پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کے 9ویں اور 12ویں منٹ میں مسلسل 2 فیلڈ گول اسکور کر کے ٹیم کو مضبوط برتری دلائی۔​

میچ کے آخری کوارٹر کے 52ویں منٹ میں غلام مصطفیٰ نے بہترین فیلڈ موو بناتے ہوئے تیسرا گول داغ کر پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے اور اب ناقابلِ شکست قومی ٹیم جمعے کو کوریا کے خلاف میچ کھیلے گی۔

دوسری جانب ویمنز جونیئر ہاکی ایشیاء کپ میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

قازقستان کی امان گیلدی ژانسایا نے 15ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کیا۔ چوتھے کوارٹر کے 55ویں منٹ میں پاکستان کی کپتان شارقہ سرور نے بہترین فیلڈ گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔