امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی انتہائی مشکل کیوں قرار دی؟

اداکار امیتابھ بچن — فائل فوٹو

بالی ووڈ کے شہنشاہ معروف اداکار امیتابھ بچن نے مقبول ترین کوئز شو کون بنے گا کروڑ پتی کی میزبانی کو انتہائی مشکل اور دل خراش قرار دیے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کون بنے گا کروڑ پتی کے 18 ویں سیزن کی میزبانی کے ساتھ امیتابھ بچن چھوٹی اسکرین پر واپس آئے ہیں، کوئز شو کا آغاز گزشتہ ماہ 10 اگست کو ہوا۔

لیجنڈری اداکار کو کوئز شو کی میزبانی کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں سے روبرو ہونے کا موقع ملا، تاہم ان میں سے بعض کی کہانیاں ایسی تھیں جو کیمرے بند ہونے کے بعد بھی ان کے ذہن میں رہتیں۔

کوئز شو کی میزبانی کے دوران باصلاحیت اداکار اکثر امیدواروں سے ان کے خاندان، پیشے اور ذاتی تجربات کے بارے میں گفتگو کرتے رہے، تاہم بعض باتوں کے دوران ان افراد کی زندگی کے انتہائی مشکل اور تکلیف دہ واقعات بھی سامنے آئے۔

فلم شعلے کے اداکار نے حال ہی میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ان تجربات کا ذکر کیا اور بتایا کہ بعض امیدواروں نے اپنی زندگی سے متعلق اتنی سنگین ذاتی کہانیاں شیئر کیں کہ میرے لیے پروگرام کی میزبانی معمول کے مطابق جاری رکھنا مشکل ہو گیا۔

انہوں نے اس تجربے کو جذباتی طور پر بھی انتہائی مشکل اور دل خراش قرار دیا۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میں اس بارے میں مزید کچھ نہیں کہوں گا کیونکہ اس سے ان باتوں کے کچھ پہلو سامنے آ جائیں گے جنہیں ایک میزبان چینل کے ساتھ شیئر کرتا ہے لیکن یہ ایک دل توڑ دینے والا تجربہ رہا ہے۔