نارفولک ساحل پر کوڑا پھینکنے پر 500 پاؤنڈ تک جرمانے کا امکان

نارفولک کے مشہور ساحل میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کیلئے جرمانے کی شرح کو 500 پاؤنڈ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق نارتھ نورفولک ڈسٹرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کیے گئے مقررہ جرمانے کے نوٹسز کے لیے سب سے زیادہ چارج 80 پاؤنڈ مقرر ہے مگر مقامی اتھارٹی سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ مستقل قریب میں سے 500 پاؤنڈ تک بڑھا دیگی جبکہ فلائی ٹِپنگ کی زیادہ سے زیادہ فیس 300 سے ایک ہزار پاؤنڈ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

کالم رنگر کونسل کی کابینہ کے ایک رکن جو کوڑے کرکٹ کے حوالے سے محکموں کی خدمات کو دیکھتے ہیں نے کہا ہے کہ کیمونٹیز میں اس حوالے سے مایوسی پائی جاتی ہے امید ہے کہ یہ بھاری جرمانے لوگوں کو ان میں سے کوئی بھی جرم کرنے سے پہلے دو بار سوچنے پر مجبور کر دیں گے۔

شمالی نورفولک میں کرومر، شیرنگھم اور ویسٹ رنٹن سمیت 45 میل کے شاندار ساحل ہیں جو ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔

نارتھ نارفولک ڈسٹرکٹ کونسل کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ قانونی حد تک جرمانے کے مقررہ نوٹسز کو بڑھانے سے کوڑا کرکٹ اور فلائی ٹپنگ پر ایک مضبوط پیغام جائیگا جو شمالی نورفولک میں ماحولیاتی فضلہ کے جرم کو روکنے کے طور پر کام کریگا، مجوزہ اضافہ متناسب ہے اور کوڑا کرکٹ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی وسیع مہم میں اہم کردار ادا کرے گا۔