وزارت داخلہ نے مختلف ویزا کیٹیگریز کی خصوصی رپورٹ تیار کرلی

وزارت داخلہ نے مختلف ویزا کیٹیگریز سے متعلق خصوصی رپورٹ تیار کرلی، جس میں بزنس، ٹورسٹ، گرانٹ ویزا اور معاہدےختم کرنے والے ممالک کے نام شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 69 ممالک پاکستان کی بزنس ویزا فہرست میں شامل ہیں۔

ان میں آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل، چین، فرانس، جرمنی، جاپان، کویت، کرغزستان، قازقستان، ملائیشیا، مالٹا، قطر، سوئیڈن، برطانیہ، امریکا اور ازبکستان  شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بزنس کیٹیگری کے تحت سرمایہ کاروں کو 5 سال تک کا طویل مدتی ملٹی پل انٹری اور آسان ویزا مل سکتا ہے، اس کیٹیگری کے ممالک کے کاروباری افراد کو آن لائن اپلائی کرنے پر 24 گھنٹے میں ویزا جاری ہوگا۔

ذرائع کے مطابق کاروباری افراد کے لیے ایئر پورٹ پہنچنے پر 30 دن کا ویزا آن ارائیول حاصل کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 24 ممالک ٹورسٹ ویزا کیٹیگریز کے اندر شامل ہیں، ان میں کینیڈا، فرانس، ملائیشیا، جرمنی، اٹلی، چین، ڈنمارک شامل ہیں۔ ٹورسٹ ویزا پر آنے والوں کی ذمے داری مقرر کردہ ٹورسٹ آپریٹر کی ہوگی۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق گرانٹ ویزا کیٹیگری میں  بنگلادیش، بھارت، اسرائیل، نائجیریا، صومالیہ، سوڈان، یمن شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل پہلے بھی سخت ترین سیکیورٹی فہرست کاحصہ تھا، پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اسرائیلی شہریوں کی پاکستان آمد ہمیشہ کی طرح ممنوع، سخت ترین حکومتی اجازت سے مشروط رہے گی۔

پاکستان کے 36 ممالک کے ساتھ بغیر ویزا سفر کرنے کے معاہدے موجود ہیں، ان ممالک سے معاہدے سرکاری، ڈپلومیٹک، دہری شہریت کیٹیگریز میں ہیں۔

وزارت داخلہ وقت کے ساتھ اس ویزا پالیسی کا جائزہ لے کر رپورٹ جاری کرتی ہے۔