جاپان میں یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے رکن چودھری آصف محمود نے کیا۔
تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈیفنس اتاشی ایئر کموڈور عامر محی الدین، پارلیمانی سیکریٹری برائے تجارت اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی سمیت جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار بیرسٹر محمد رضا حیات ہراج تھے، جنہوں نے پاکستان سے آن لائن خطاب کیا۔
انہوں نے یومِ دفاع کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور بے مثال قربانیوں کی علامت ہے، انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔
پارلیمانی سیکریٹری برائے تجارت ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ دفاع ہمیں افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان مثالی اتحاد کی یاد دلاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں بہادری، استقامت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کے ڈیفنس اتاشی ایئر کموڈور عامر محی الدین نے اپنے خصوصی خطاب میں یومِ دفاع کے تاریخی پس منظر، قومی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تقریب کے میزبان چودھری آصف محمود نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک ایسی تقریبات نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، قومی اقدار اور شہداء کی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
تقریب میں شریک پاکستانیوں نے قومی جوش و جذبے کا بھرپور اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے وقار، سلامتی اور ترقی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔