ہمارے پاس امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت موجود ہے: ایران

—فائل فوٹو

ایران کے قائم مقام وزیرِ دفاع بریگیڈیئر جنرل مجید ابنِ رضا نے واشنگٹن کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران میں امریکی بحری ناکہ بندی نافذ کرنے والے جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی تکنیکی صلاحیت نہیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مجید ابنِ رضا نے کہا کہ ایران کے پاس امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے مطلوبہ ٹیکنالوجی اور صلاحیت موجود ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ ’کیا ایرانی فورسز ناکہ بندی نافذ کرنے والے امریکی بحری جہازوں پر حملہ کر سکتی ہیں؟‘ قائم مقام ایرانی وزیرِ دفاع نے کہا کہ اللّٰہ نے چاہا تو آپ نتائج دیکھیں گے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا ہے کہ واشنگٹن آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے بحری آمد و رفت میں خلل ڈالنے کے معاملے پر فیصلہ کن اقدامات کرے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ ایران کی جانب سے بحری راستے میں خلل ڈالنے کی صورتِ حال کو معمول یا مستقل حقیقت بننے سے روکا جا سکے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا عالمی معیشت کو بلیک میل کرنے کی ایران کی کوششوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا۔