آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت کی اونچی اڑان جاری ہے اور آج فی لیٹر پیٹرول 5 روپے 58 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔