برطاینہ کے ایئر پورٹس کے ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی خرابی سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تکنیکی خرابی سے برطانیہ کے کئی بڑے ایئر پورٹس متاثر ہوئے ہیں، ہیتھرو، گیٹ وِک، مانچسٹر اور اسٹینسٹیڈ ایئر پورٹس پر پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ برطانیہ کے بڑے ایئر پورٹس سے روانہ ہونے والی سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہیتھرو ایئر پورٹ پر تقریباً 100 پروازیں منسوخ اور 367 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ گیٹ وِک ایئر پورٹ پر بھی تقریباً 250 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ این اے ٹی ایس کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں تکنیکی خرابی سامنے آگئی۔
مسافروں کو ایئر پورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
این اے ٹی ایس کے انجینئرز مسئلہ حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مصروف ہیں۔ برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق برطانوی فضائی حدود کھلی ہیں، پروازیں جاری ہیں۔ پروازوں کا معمول بحال ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ادھر لندن کے فلائٹ انفارمیشن ریجن میں آمد و روانگی کی پروازیں محدود کر دی گئیں۔ لندن، ایڈنبرا، لوٹن، برمنگھم، گلاسگو اور دیگر ایئر پورٹس بھی متاثر ہیں۔