اشتہاری ملزم کی والدہ کے وکیل نے دستاویز عدالت میں پیش کرنے کی اجازت مانگ لی

پشاور ہائیکورٹ میں اشتہاری ملزم ممتاز کی والدہ کے وکیل نے ویڈیوز، آڈیوز اور دستاویز عدالت میں پیش کرنے کی اجازت مانگ لی۔

اشتہاری ملزم کی والدہ کی درخواست پر جسٹس ارشد علی اور جسٹس بابرستار نے سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ممتازکی والدہ نے بیٹے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے دائر کی تھی۔ انٹرپول کے ذریعے اشتہاری ملزم ممتاز کو گرفتار کرکے پشاور لایا گیا اور مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ممتاز کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے، 2 پولیس افسران زخمی ہوئے ہیں۔

سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے ویڈیوز، آڈیوز اور دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کی اجازت مانگی۔

عدالت عالیہ پشاور نے دستاویز جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔