سوشل میڈیا پر اپنی زندگی شیئر کرنے پر کوئی پچھتاوا نہیں: سابقہ اہلیہ بادشاہ

فوٹو: فائل

نامور بھارتی گلوکار و ریپر بادشاہ کی سابقہ اہلیہ اداکارہ عشائی رکھی نے کہا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی تفصیلات شیئر کرنے کا کوئی پچھتاوا نہیں۔

معروف اداکارہ عشائی رکھی، جو پچھلے کچھ عرصے سے بھارتی ریپر ’بادشاہ‘ سے شادی اور بعد میں علیحدگی کی خبروں کے باعث سرخیوں میں ہیں، انہوں نے ’بگ باس 20‘ کے گھر میں داخل ہونے سے پہلے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔

عشائی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی شادی اور ذاتی زندگی پر توجہ دینے کے لیے کام سے بریک لیا تھا، لیکن اب وہ دوبارہ ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں مکمل محنت کے ساتھ واپس آ چکی ہیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ اگرچہ ضائع ہونے والے وقت کا افسوس ضرور ہے، لیکن انہیں اپنے کسی فیصلے پر پچھتاوا نہیں، کیونکہ وہ مانتی ہیں کہ وقت سے پہلے اور تقدیر سے زیادہ کسی کو کچھ نہیں ملتا۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ کے بارے میں انہوں نے کہا، ’میں ایسی منفی خبروں اور کمنٹس کو پڑھنے سے گریز کرتی ہوں تاکہ اپنا ذہنی سکون قائم رکھ سکیں۔’

اپنے والد کے کم عمری میں انتقال کا ذکر کرتے ہوئے عشائی نے کہا کہ وہ بچپن ہی سے حالات سے لڑنا سیکھ چکی ہیں اور ایک مضبوط لڑکی ہیں۔ وہ ’بگ باس‘ کے ذریعے دنیا کو اپنی شخصیت کے نئے پہلو دکھانا چاہتی ہیں۔