موٹاپے اور ذیابیطس کی ادویات سے مردوں میں بال جھڑنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے: تحقیق

— فائل فوٹو

ایک نئی تحقیق میں موٹاپے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی GLP-1 ادویات اور بال جھڑنے کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی ہوئی ہے۔

نیویارک یونیورسٹی کے گراسمین اسکول آف میڈیسن کے محققین نے جی ایل پی 1 ادویات اور مردوں میں بال جھڑنے کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا۔

یہ تحقیق جرنل آف انویسٹی گیٹو ڈرماٹولوجی میں شائع ہوئی ہے، جس کے مطابق کچھ مریض پہلے بھی مذکورہ ادویات استعمال کرنے کے دوران بال جھڑنے کی شکایت کر چکے ہیں، تاہم محققین کے مطابق اس تعلق کو ثابت کرنے والے مضبوط سائنسی شواہد اب تک محدود رہے ہیں۔

تحقیق میں ممکنہ جینیاتی تعلق کی نشاندہی

نئی تحقیق کے لیے سائنس دانوں نے ایک جینیاتی تجزیاتی طریقہ استعمال کیا تاکہ جی ایل پی 1 ادویات کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ جن مردوں میں پہلے ہی جینیاتی طور پر بال جھڑنے کا رجحان موجود تھا، ان میں جی ایل پی 1 ادویات کے استعمال کے بعد بال جھڑنے کا خطرہ تقریباً 7 فیصد سے زائد تک بڑھ گیا۔

تحقیق کی سینئر محقق اور ماہرِ جینیات نے کہا ہے کہ یہ تحقیق جی ایل پی 1 ادویات اور بال جھڑنے کے درمیان جینیاتی تعلق کے حوالے سے پہلی شہادت فراہم کرتی ہے۔

محققین نے واضح کیا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ جی ایل پی 1 ادویات استعمال کرنے والے ہر شخص کے بال جھڑنے لگتے ہیں۔

مزید تحقیق کی ضرورت پر زور

محققین کے مطابق نتائج صرف ایک ممکنہ تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم یہ ثابت نہیں کرتے کہ جی ایل پی 1 ادویات براہِ راست بال جھڑنے کا سبب بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے مزید مطالعات کی ضرورت ہو گی، مزید تحقیق سے یہ معلوم کرنے میں مدد مل سکتی ہے کہ آیا خود یہ ادویات بال جھڑنے میں کردار ادا کرتی ہیں یا ان کے استعمال سے وابستہ دیگر عوامل اس کا سبب بن سکتے ہیں۔

ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج اور وزن کم کرنے کے لیے جی ایل پی 1 ادویات جن میں ویگووی (Wegovy) اور اوزیمپک (Ozempic) بھی شامل ہیں، کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ان کے ممکنہ مضر اثرات بھی سائنسی تحقیق اور طبی ماہرین کی بڑھتی ہوئی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔