بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے ’بگ باس 20‘ کے گرینڈ پریمیئر کے دوران کہا ہے کہ میں 60 سال کی عمر میں بھی سنگل ہوں اور فی الحال کسی رشتے میں آنے کے لیے تیار نہیں۔
’بگ باس 20‘ کا گرینڈ پریمیئر 6 ستمبر 2026ء کو ہوا، جس میں سلمان خان ایک بار پھر شو کی میزبانی کرتے نظر آئے۔
پروگرام کے دوران اپنی ذاتی زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بگ باس سے مزاحیہ انداز میں مخاطب ہو کر کہا کہ ’بگ باس آپ بھی سنگل، میں بھی سنگل۔‘
اس موقع پر بگ باس نے کہا کہ میں سنگل رہتے ہوئے خوش ہوں، جس پر سلمان خان نے برجستہ واضح کیا کہ میں بھی فی الحال کسی نئے رشتے کے لیے تیار نہیں ہوں۔
سلمان خان کی سنگل حیثیت ’بگ باس‘ میں اکثر گفتگو کا موضوع بنتی رہی ہے، اس سے قبل ’بگ باس 16‘ کے سیٹ پر بھی انہوں نے کہا تھا کہ غیر شادی شدہ رہنا مکمل طور پر میرا اپنا انتخاب نہیں تھا۔
سلمان خان ماضی میں بھی کئی مرتبہ شادی اور رشتے سے متعلق سوالات کا سامنا کر چکے ہیں، ان کی سابقہ رومانوی زندگی میں ایشوریا رائے بچن، سومی علی، سنگیتا بجلانی اور کترینہ کیف کے نام زیرِ گردش رہے ہیں، تاہم ان میں سے کئی تعلقات کبھی باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیے گئے۔
اداکار نے ماضی میں اپنی سنگل زندگی کے حوالے سے کہا تھا کہ مین موجودہ حیثیت سے خوش ہوں اور شادی کرنے یا گرل فرینڈ بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
سلمان خان نے اس موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ میں عہد سے خوفزدہ نہیں، بلکہ جب کسی چیز کا عہد کرتا ہوں تو اسے نبھاتا ہوں۔
انہوں نے خواتین کے احترام پر بھی زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں خواتین کا احترام کرتا ہوں اور ہمیشہ کرتا رہوں گا۔