پمز اسپتال میں اصلاحات کے لیے 20 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سرکاری اور نجی شعبے کے نامور ماہرینِ صحت شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ خصوصی کمیٹی پمز اسپتال کے انتظامی امور کا جائزہ لے گی اور اسپتال کے امور چلانے سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی اپنی رپورٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں وزیرِ اعظم پمز اسپتال سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے امور چلانے کے لیے بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس میں مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال میں آگ لگنے کے واقعے میں 14 نوزائیدہ بچوں کی المناک اموات ہوئی تھیں۔
سانحے کے بعد ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران معطل کیے جا چکے ہیں جبکہ معطل افسران کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔