5 ہزار امریکی فوجی ایران جنگ کی تھکن اتارنے بذریعہ یو ایس ایس ابراہم لنکن تھائی لینڈ پہنچ گئے

—فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا 

امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’یو ایس ایس ابراہم لنکن‘ کے ذریعے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا پہنچنے والے تقریباً 5 ہزار امریکی فوجی اہلکار 286 روز سمندر میں گزارنے کے بعد 5 روزہ قیام کے دوران تفریح اور خریداری میں مصروف ہیں۔

برطانوی اخبار گارجین کے مطابق کئی امریکی فوجی تھائی لینڈ پہنچنے کے بعد ناخنوں کی سجاوٹ، تھکن اتارنے کے لیے مساج، خریداری، تحائف لینے اور پسندیدہ کھانوں کے لیے شہر کا رخ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بعض اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ہم نئے موزے اور اپنی اہلیہ کے لیے تحائف خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

امریکی بحری جہاز کا عملہ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں اور ایران کے ساتھ جنگ کے باعث کئی ماہ سمندر میں موجود رہا۔

اس دوران جہاز پر رہائشی حالات اور اہلکاروں کی ذہنی صحت سے متعلق شدید تنقید سامنے آئی جبکہ خودکشی کی کوششوں کی اطلاعات بھی رپورٹ ہوئیں۔

جہاز کے کپتان نے اعتراف کیا کہ عملے کو تازہ پھلوں اور سبزیوں کی کمی کا سامنا رہا تاہم انہوں نے جہاز میں خراب حالات سے متعلق بعض رپورٹس کو ’مبالغہ آمیز‘ قرار دیا۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کا شہر پٹایا اپنی رات کی رنگین زندگی اور بدنام زمانہ ریڈ لائٹ علاقے کے باعث بھی مشہور ہے۔

مقامی کاروباری افراد نے امریکی فوجیوں کی آمد سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی حکمتِ عملی تبدیل کر لی ہے، درزی 24 گھنٹے میں کپڑے تیار کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں جبکہ بعض ریستوران فوجی اہلکاروں کو رعایت دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ فاسٹ فوڈ اور کپڑوں کے برانڈز کی فروخت میں بھی اضافے کی اطلاعات ہیں تاہم کچھ چھوٹے کاروباروں نے معمولی فروخت کی شکایت کی ہے۔

پٹایا کے میئر پورامت نگام پچیت کے مطابق اگر ہر امریکی اہلکار روزانہ 100 سے 150 ڈالرز خرچ کرے تو اس 5 روزہ دورے سے مقامی معیشت کو تقریباً 100 ملین تھائی بھات یعنی 3 ملین ڈالرز کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔