بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اپنے بھتیجے ارہان خان کی پہلی فلم میں خصوصی کردار ادا کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان اس کردار کی عکس بندی کے لیے تقریباً 10 دن شوٹنگ سیٹ پر موجود ہوں گے جس سے ارہان کی پہلی فلم کی تشہیر اور سینما میں کامیابی کے امکانات کو بڑا فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا کے بیٹے ارہان خان کئی برس سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں، انہوں نے امریکا سے فلم سازی کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
ارہان خان ہدایت کار وکرم پھڈنیس کے ساتھ اور ہدایتکار کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں بھی معاون کے طور پر کام کر چکے ہیں، ارہان خان اپنے یوٹیوب چینل پر پوڈکاسٹ کی میزبانی بھی کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی عکس بندی آئندہ سال کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے تاہم حتمی شیڈول ابھی طے نہیں ہوا۔