تجاوزات آپریشن کے دوران ضبط سامان غائب ہونے کا انکشاف

—فائل فوٹو

تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ضبط شدہ سامان غائب ہونے کے معاملے پر آرام باغ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کو خط لکھ دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے خط میں صدر ٹاؤن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر فیصل جاوید کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ٹاؤن کے اسٹوریج سے تقریباً  620 ٹھیلے اور 210 سے زائد میٹل کاؤنٹرز غائب ہوئے ہیں۔

تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں 7 ماہ کے دوران سامان جمع کیا گیا تھا، جو ٹی ایم سی صدر ٹاؤن کے اسٹوریج میں فیصل جاوید کی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ غائب ہونے والا بیشتر سامان مبینہ طور پر تجاوزات قائم کرنے والوں کو واپس فروخت کیا گیا ہے اور یہی سامان دوبارہ اب سڑکوں پر موجود ہے۔

خط میں اپیل کی گئی ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر فیصل جاوید کو فوری معطل کر کے انکوائری شروع کی جائے اور معاملہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کو بھجوایا جائے۔

اسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے خط میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ٹی ایم سی صدر ٹاؤن کے اسٹوریج کا مکمل آڈٹ کرایا جائے اور موصول، تلف یا منتقل کیے گئے تمام تجاوزاتی سامان کا ریکارڈ چیک کروایا جائے۔