شارجہ کے حکمراں شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور شہریوں کے لیے مالی معاونت میں اضافے کا اعلان کر دیا جس پر عمل درآمد یکم ستمبر سے کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے مستفید ہوں گے جبکہ سرکاری ملازمین کی کم از کم تنخواہ 20,000 درہم (15 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) مقرر کر دی گئی ہے۔
سماجی امداد حاصل کرنے والے 6,652 خاندانوں کے لیے مالی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 2,251 سرکاری ریٹائرڈ شہریوں کی کم از کم آمدن بڑھا دی گئی ہے، مزید 5,300 ریٹائرڈ شہریوں کے لیے اضافی مالی امداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شہریوں کی ضروریات پوری کرنے اور مہنگائی کے پیشِ نظر کم از کم تنخواہ کا معیار بڑھایا گیا ہے تاکہ شہریوں کی مالی ضروریات کا بہتر طور پر خیال رکھا جا سکے۔
شیخ سلطان نے اماراتی شہریوں کو غیر ضروری قرضوں سے بچنے کی ترغیب بھی دی ہے۔
حکام نے والدین سے بچوں کے موبائل فون اور دیگر آلات کے استعمال کو محدود رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی صحت مند خوراک اور بہتر پرورش کے لیے سرکاری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔