تہران کا ہرمز پر ’مائنز سوئپر‘ گیم کیساتھ امریکا پر طنز

—فائل فوٹو

ایرانی سفارت خانے نے امریکا کو طنزیہ انداز میں ایران آنے کا چیلنج دے دیا۔

ایران کی جانب سے امریکا کا مذاق اڑاتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دلچسپ پیغام جاری کیا گیا ہے۔

پیغام کے کیپشن میں لکھا ہے ’حبیبی (انکل سیم)، کم ٹو ایران!‘ اس کے ساتھ ہی 35 سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں آبنائے ہرمز کا 3 ڈی نقشہ دکھایا گیا ہے، اس ویڈیو میں ’مائن سوئپر‘ طرز کا گیم کھیلا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ ساتویں ماہ میں داخل ہو چکی ہے اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی میں اس ہفتے مزید اضافہ ہوا ہے۔

 امریکا نے اتوار کو آبنائے ہرمز کے ایک جزیرے پر ایرانی راکٹ لانچر تباہ کیے تھے۔

امریکی حکام کے مطابق ایران ان لانچرز کے ذریعے سمندری بارودی سرنگیں آبنائے میں بچھانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

امریکا نے گزشتہ ہفتے ہی آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری راستوں سے سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے کا عمل مکمل کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ نئی بارودی سرنگیں بچھانے والے کسی بھی جہاز یا کشتی کو تباہ کر دیا جائے گا۔

امریکی حملے کے جواب میں ایران نے اردن میں 2 امریکی فوجی اہداف کو بیلسٹک میزائلز سے نشانہ بنایا تاہم اردنی فوج کے مطابق 8 میزائل روک لیے گئے۔

ایران کے جوابی حملے کے بعد امریکا نے خطے میں مزید ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائی میں ایرانی پاسداران انقلاب کے فضائی دفاعی مراکز، ریڈار نظام، بحری تنصیبات، بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق مراکز اور مواصلاتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے میں ایک شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ٹموتھی ہاکنز نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج شہریوں کو کبھی نشانہ نہیں بناتی۔