پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز نے شوہر یاسر حسین کے ساتھ عمر کے فرق پر ہونے والی مسلسل تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں یاسر حسین کو اپنی زندگی میں پا کر خود کو انتہائی خوش قسمت سمجھتی ہوں۔
حالیہ انٹرویو میں اقراء عزیز نے کہا کہ لوگوں کو اپنی رائے دینے کا حق ہے، تاہم دوسروں کی باتوں نے کبھی مجھے اپنی شادی کے بارے میں احساسات کو متاثر نہیں کیا۔
جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ کیا شادی ان کے لیے ایک نعمت ثابت ہوئی تو انہوں نے کہا کہ بالکل، لوگ مختلف باتیں کہہ سکتے ہیں لیکن میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں، اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔
یاسر حسین کے ساتھ عمر کے فرق پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے اقراء عزیز نے اپنے رشتے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں عمر کا یہ فرق بالکل ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہماری والدین کی نسل کو دیکھیں تو وہاں بھی اکثر میاں بیوی کے درمیان اسی طرح کا عمر کا فرق ہوتا تھا اور اگر عمر میں فرق نہ بھی ہو تو اصل بات یہ ہے کہ آپ کس شخص کے ساتھ ذہنی طور پر جڑتے ہیں اور کس کے ساتھ خود کو آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اقراء عزیز اور یاسر حسین نے دسمبر 2019ء میں شادی کی تھی اور دونوں کے درمیان تقریباً 11 سال کا عمر کا فرق ہے۔
دونوں فنکار ماضی میں بھی اپنے عمر کے فرق کے باعث عوامی بحث کا موضوع رہے ہیں اور مختلف مواقع پر اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔