پینٹاگون نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی 2027ء تک بڑھا دی: امریکی اخبار کا دعویٰ

—فائل فوٹو

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگون نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی 2027ء تک بڑھا دی۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کی تعیناتی میں توسیع ایران تنازع اگلے سال تک کھنچنے کی علامت ہے، خطے میں امریکی فوجی تعیناتی بڑھانے سے فوجیوں اور ان کے خاندانوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ خاموشی سے امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا فیصلہ کر رہے ہیں، جنگی جہازوں کے عملے سمیت فوجی دستوں کو غیر متوقع عرصے تک قیام کا حکم دیا جا رہا ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ فوجیوں کی تعیناتی میں توسیع غیر معینہ مدت کی فوجی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، حکمت عملی کا مقصد صدر ٹرمپ کو جنگ کے حوالے سے مختلف آپشنز فراہم کرنا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو یقین ہے کہ ایران پر اقتصادی دباؤ کی پالیسی سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو جائیں گے، امریکی صدر ایران جنگ خاتمے کے اعلان پر بھی اپنے معاونین سے تبادلۂ خیال کر رہے ہیں، ٹرمپ ایران جنگ کے فیصلے کرتے وقت انتخابی نتائج کو مدِ نظر نہیں رکھ رہے۔

امریکی اخبار کے مطابق پینٹاگون کے عہدیدار اور امریکی سینٹ کام نے رپورٹ پر تبصرے سے انکار کر دیا، مشرقِ وسطیٰ میں تقریباً 50 ہزار امریکی فوجی اہلکار اور 19 جنگی بحری جہاز تعینات ہیں۔