ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ کوئی طاقت اگر شیطانی عمل، قتل و غارت کرے تو وہ شیطان ہے اور جو طاقت ایسے شیطان کو تحفظ دے وہ اس سے بڑا شیطان ہے۔
ایک بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ میناب اسکول کے بچوں اور لامرد اسپورٹس ہال میں بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب کوہستک میں شادی کی تقریب میں بچوں سمیت خاندانوں کو قتل کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران پر امریکی حملوں میں شدت آ گئی ہے، تازہ حملوں میں خوزستان اور ہرمزگان میں 12 افراد شہید جبکہ 76 زخمی ہو گئے۔
ساحلی شہر سیرک میں شادی کی تقریب کے دوران میزائل حملے میں 1 بچے سمیت 5 افراد شہید ہوئے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ اردن کے کیمپ تیتن میں امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا ہے، کیمپ تیتن پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ کیمپ تیتن حملے میں کئی امریکی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوئے ہیں جبکہ اردن میں پرنس حسن ایئر بیس میں کھڑے امریکی ڈرونز کو نشانہ بنایا ہے۔