روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کے توانائی مراکز پر بڑے حملوں کی تیاری کررہے ہیں، یقین ہے دشمن بکھرتا رہے گا، روسی افواج فتح حاصل کرلیں گی۔
بشکیک میں گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے یوکرینی ڈرونز کو بڑا چیلنج قرار دیا اور کیف کی روسی فضائی حدود بند کرنے کی دھمکی ریاستی دہشت گردی قرار دی۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو اس کا جواب دے گا، ساتھ ہی کہا کہ کوئی امریکی نمائندہ مثبت پیش رفت لانے میں کامیاب ہوتا ہے تو ماسکو کو اعتراض نہیں۔
روسی صدر نے واضح کیا کہ یوکرین پر کوئی بھی بات چیت ٹھوس ہونی چاہیے۔
اس سے پہلے یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ڈرونز سے روس کی فضائی حدود میں کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے روس کے ہوائی اڈے استعمال کرنے والی ایئر لائنز، بیمہ کمپنیوں اور دیگر اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ روس کی فضائی حدود خطرناک ہوتی جارہی ہے۔