شالینی پانڈے بھی ڈیپ فیک ویڈیوز کا شکار، وضاحتی بیان آگیا

ساؤتھ اور ہندی فلموں کی اداکارہ شالینی پانڈے نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے بنائی گئی اپنی ویڈیو کی سخت مذمت کی ہے۔ 

جبل پور مدھیہ سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ اداکارہ نے اپنے بارے میں بنائی گئی اس غیر مجاز اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوامی طور پر وضاحت جاری کر دی ہے۔

وہ ڈیپ فیک ویڈیوز کے بڑھتے ہوئے خطرے کا شکار ہونے والی تازہ ترین بھارتی شخصیت بن گئی ہیں۔ تاہم انہوں نے اس معاملے سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر کارروائی کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس ویڈیو سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور یہ جعلی ہے۔

پیر کے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے شالینی نے لکھا، میں اپنے بارے میں بنائی گئی ایک جعلی اے آئی ویڈیو کے حوالے سے وضاحت کرنا چاہتی ہوں، جو اس وقت آن لائن گردش کر رہی ہے۔ یہ ویڈیو مکمل طور پر فیک ہے اور اس میں دکھائی دینے والی خاتون میں نہیں ہوں۔ 

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ دیکھنا انتہائی پریشان کن ہے کہ ٹیکنالوجی کا اس طرح غلط استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں، خصوصاً خواتین کو نشانہ بنایا جائے اور انہیں نقصان پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کو یہ ویڈیو نظر آئے تو براہِ کرم اسے شیئر، فارورڈ یا ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔ میری سب سے درخواست ہے کہ ہر شخص ذمہ داری اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرے اور اس ویڈیو کو مزید پھیلانے کے بجائے اس کی گردش روکنے میں مدد کرے۔ شکریہ۔

ماضی میں بھی کئی بھارتی اداکار اور کرکٹر ڈیپ فیک ویڈیوز کا نشانہ بن چکے ہیں، جن میں رشمیکا مندانا، عالیہ بھٹ، دیپیکا پڈوکون، کترینہ کیف، عامر خان، رنویر سنگھ اور سچن ٹنڈولکر شامل ہیں۔

اس ماہ کے آغاز میں اداکارہ مرونل ٹھاکر نے بھی ڈیپ فیک ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا تھا اور انہیں خبردار کیا تھا۔ اے آئی سے تیار کردہ مواد کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے ایسے اقدامات کو غیر قانونی اور ناقابلِ قبول قرار دیا اور زور دیا کہ کسی دوسرے شخص کی شناخت کو اس کی اجازت کے بغیر استعمال کرنے والوں کو جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ 

شالینی پانڈے نے 2017 میں ساؤتھ کے معروف ہیرو وجے دیوراکونڈا کے ساتھ ارجن ریڈی سے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز کیا۔ یہ فلم کافی ہٹ ہوئی اور شالینی  کی کافی پذیرائی ہوئی۔