الجامعہ صفتہ الاسلام بریڈفورڈ میں میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس سلسلے میں جمعیت تبلیغ الاسلام اور بریڈفورڈ کی دیگر مساجد کے اشتراک سے عظیم الشان میلاد جلوس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بریڈفورڈ اور گردونواح سے سیکڑوں عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔
میلاد النبی ﷺ کے اس روح پرور جلوس کی قیادت صاحبزادہ پیر انوار الحق قادری، سادات کرام اور جید علمائے کرام نے کی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی صداؤں میں مرکزی مسجد واپس پہنچا۔ شرکائے جلوس نے والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر مقیم کاروباری حضرات اور اہلِ علاقہ کی جانب سے شرکائے جلوس کے لیے نذر و نیاز اور لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ مختلف مقامات پر لوگوں نے جلوس کا پرتپاک استقبال کیا اور عاشقانِ رسول ﷺ میں نیاز تقسیم کی۔
جلوس کے نظم و نسق اور شرکائے جلوس کی سہولت کے لیے مقامی رضاکاروں کی بڑی تعداد نے بھرپور خدمات انجام دیں۔ رضاکاروں نے ٹریفک اور دیگر انتظامی امور کو احسن انداز میں سنبھالے رکھا، جبکہ جلوس کے گزرنے کے دوران مقررہ شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند رکھا گیا تاکہ جلوس پرامن اور منظم انداز میں اپنے راستے پر گامزن رہے۔
جلوس کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، ملک و ملت کی سلامتی، امن و خوشحالی اور عالمِ اسلام کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔
جلوس کے بعد الجامعہ صفتہ الاسلام میں ایک عظیم الشان میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کے ساتھ حضرات خواجگان ٹنگروٹ شریف و فیض پور شریف کے 47ویں سالانہ عرس کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں علما، مشائخ، مذہبی شخصیات، مساجد کے آئمہ کرام، کمیونٹی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر انوار الحق قادری اور دیگر علمائے کرام نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس اور عشقِ رسول ﷺ پوری امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و اتفاق کا مضبوط ترین نکتہ اور باہمی محبت و اخوت کا ذریعہ ہے۔ مسلمانوں کے درمیان موجود اختلافات کو کم کرنے اور امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے محبتِ رسول ﷺ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کی بقا اور سربلندی کی بنیاد توحید، قرآن و سنت اور اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا محور بناتے ہوئے باہمی اخوت، محبت اور رواداری کو فروغ دیں۔
علمائے کرام نے اولیائے کاملین کی دینی و روحانی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بزرگانِ دین نے ہمیشہ شریعت و سنت کی پیروی، صحیح اسلامی عقائد کی تعلیم اور اخلاق و کردار کی اصلاح پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی زندگیوں کے ذریعے مسلمانوں کو قرآن و سنت سے وابستہ رہنے اور دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل کرنے کا درس دیا۔
مقررین نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ جیسے روح پرور اجتماعات کا مقصد مسلمانوں کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو مزید پختہ کرنا، سیرتِ طیبہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنا اور معاشرے میں دینی شعور، اخوت، امن اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و ملت، عالمِ اسلام، امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، امن و سلامتی اور تمام مسلمانوں کی خیر و عافیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔