کورنگی 6 میں قدیم درخت کاٹنے میں سرکاری محکموں کی گاڑیاں بھی شامل رہیں، رپورٹ

کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 6 میں قدیم درخت کاٹنے کے واقعے کی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں بتایا گیا کہ مسلح افراد نے درخت کاٹے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے گورنمنٹ بوائز کالج کے عقب میں میدان پر قبضے کی کوشش کی۔ مقامی افراد کی مداخلت پر مسلح افراد درخت کاٹنے کے بعد فرار ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ درخت کاٹنے میں پولیس موبائلز، اینٹی انکروچمنٹ گاڑیوں نے مبینہ طور پر شرکت کی۔ 

اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی کا کہنا ہے کہ پولیس اور محکمہ انسداد تجاوزات کی شرکت کی تصاویر رپورٹ کے ساتھ منسلک ہیں۔ متعلقہ زمین کے ڈی اے نے لائنز ایریا متاثرین کیلئے منظور کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ عمر رسیدہ برگد، نیم، کیکر اور دیگر درخت بے رحمی سے کاٹ دیے گئے۔

دہائیوں پرانے ان درختوں کو ماحولیاتی ورثہ قرار دے کر محفوظ کرنے کے بجائے انہیں صفحہ ہستی سے ہی مٹایا گیا۔

محکمہ جنگلات سندھ کے مطابق 4 جنگلی کیکر، 3 کونوکارپس، 1 نیم اور 7 برگد کے درختوں کو کاٹا گیا ہے۔

اہل محلہ نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس کی سرپرستی میں ان درختوں کا قتل کیا گیا۔