ایران نے کہا ہے کہ اس کے خلاف امریکی معاشی اقدامات ریاستی دہشتگردی، غیرقانونی اور قابلِ مذمت ہیں، امریکا اقتصادی مہم کو ایرانی عوام کے خلاف بےرحم ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
تہران سے جاری ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کہا گیا کہ امریکی پابندیاں لاکھوں شہریوں کی صحت اور روزگار کو سنگین خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ امریکی پابندیوں میں شمولیت ایک ریاست کی غیر قانونی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے میں جرم میں شرکت ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری امریکی پالیسیوں پر قانون کی عملداری برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا کے اقتصادی اقدامات بین الاقوامی اور انسانیت کے خلاف جرم کے مترادف ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے فوجی و اقتصادی حملے کے خلاف ملکی دفاع کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے امریکی پابندیوں پر عمل درآمد سے گریز کرنے پر زور دیا۔