جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے 26 اگست 2026ء کو معروف جاپانی کمپنی آرائی شوجی کمپنی لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام ’آرائی فیوچر وژن‘ تقریب سے خطاب کیا جس میں کاروباری اور صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سفیر عبد الحمید نے آرائی شوجی کمپنی کے صدر ریوزو آرائی کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور آٹوموبائل، تجارتی گاڑیوں، تعمیراتی مشینری، رسد رسانی اور مالیاتی شعبوں میں کاروباری اداروں کو باہم منسلک کرنے کی کمپنی کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانہ سنجیدہ، ذمے دار اور باہمی مفاد پر مبنی کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے جاپانی کمپنیوں اور پاکستانی شراکت داروں کی معاونت کے لیے تیار ہے۔
جاپانی کاروباری برادری سے سفیر عبد الحمید کے مسلسل رابطے پاکستان کی فعال اقتصادی سفارت کاری کی عکاسی کرتے ہیں، جاپان میں پاکستانی مصنوعات، سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروباری صلاحیت کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا دو طرفہ تعلقات کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
عبد الحمید پاکستان اور جاپان کے روایتی دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
کاروباری تقریبات میں شرکت اور جاپانی کاروباری قیادت سے براہِ راست رابطے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے لیے مثبت امکانات پیدا کر سکتے ہیں۔