بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی تمام طبی مراکز کیلئے فائر سیفٹی ایڈوائزری جاری

—فائل فوٹو

 بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے تمام طبی مراکز کے لیے فائر سیفٹی، ہنگامی تیاری اور انخلاء سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق تمام طبی مراکز میں فائر سیفٹی، ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی تیاری اور انخلاء کے تقاضوں پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کمیشن نے طبی مراکز کو فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ طبی مراکز میں آگ بجھانے کے آلات اور فائر الارم سسٹم کی فعالیت یقینی بنائی جائے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ طبی مراکز میں ہنگامی انخلاء کے راستے واضح، کھلے اور فعال ہونے چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مریضوں، تیمارداروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکالا جا سکے۔