منشیات اسمگلنگ، سابق بھارتی ایئر ہوسٹس گرفتار

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

سابق بھارتی ایئر ہوسٹس اور اس کے مبینہ ساتھی کو ریاست گجرات سے ممبئی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 30 لاکھ روپے مالیت کی تقریباً 977 گرام ایم ڈی (میفڈرون منشیات) برآمد ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرائم برانچ کو پیر کے روز اطلاع ملی تھی کہ ایک گاڑی کے ذریعے وڈودرا سے ممبئی بڑی مقدار میں منشیات منتقل کی جا رہی ہے، اطلاع پر پولیس نے دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر ٹول پوسٹ کے قریب مشتبہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔

گاڑی میں سابق 41 سالہ ایئر ہوسٹس اور اس کا 20 سالہ ساتھی موجود تھا، تلاشی کے دوران منشیات کے علاوہ متعدد موبائل فونز، پلاسٹک کی تھیلیاں اور منشیات پیک کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ڈبے بھی برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ممبئی سے گاڑی کرائے پر حاصل کی اور منشیات لینے کے لیے وڈودرا گئے تھے جہاں انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک نامعلوم خاتون سے منشیات کی کھیپ وصول کی۔ 

منشیات ممبئی پہنچنے کے بعد اسے 5 سے 10 گرام کے چھوٹے پیکٹوں میں تقسیم کر کے طلب کے مطابق فروخت کیا جانا تھا۔

تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان ممبئی کے علاقے سانتاکروز میں رہتے ہیں اور کئی برس سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ سابق ایئر ہوسٹس ملائیشین ایئر لائنز میں کام کر چکی ہے جبکہ ملازمت کے دوران وہ مختلف ممالک کا سفر بھی کر چکی ہے۔

پولیس کے مطابق ایئر ہوسٹس 2015ء سے منشیات کے نیٹ ورک سے رابطے میں ہے۔

سابق ایئر ہوسٹس کو 2021ء میں مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں تقریباً 100 گرام منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور اس مقدمے میں وہ تقریباً 4 سال جیل میں بھی رہی تھی۔ 

پولیس کے مطابق ایئر ہوسٹس پر درج ہونے والے گزشتہ مقدمے کی تحقیقات کے دوران مدھیہ پردیش کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورکس سے اس کے روابط کا بھی انکشاف ہوا تھا۔

پولیس اب ایئر ہوسٹس کے سابقہ اور موجودہ منشیات نیٹ ورک کے روابط کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ منشیات کی حالیہ کھیپ فراہم کرنے والی نامعلوم خاتون کی تلاش بھی جاری ہے۔