امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے 12 ربیع الاوّل کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی بڑی گاڑیاں چلا رہے ہیں، جبکہ عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات اب اس انداز میں نہیں ہوں گے کہ حکومت دھرنا ختم کرنے کا کہے اور مطالبات ماننے کی یقین دہانی کرا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا اس وقت ختم ہوگا جب حکومت جماعت اسلامی کے مطالبات کو عملی طور پر تسلیم کرے گی، لاہور میں شیڈول کے مطابق دھرنا جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز خواتین نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا، جنگی حالات میں بھی حکمرانوں نے عوام پر پیٹرول بم گرائے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ مافیاز نے حکومت کے ساتھ مل کر 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی، عوام کے وسائل کو اشرافیہ کے مفادات کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔