چین میں 5 سالہ بچی نے 50 گرام سونے کا بار نگل لیا

—تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

چین کے شمالی علاقے میں 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے غلطی سے 50 گرام وزنی سونے کا بار نگل لیا، جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بیجنگ چلڈرنز اسپتال کے مطابق بچی نے 4 سینٹی میٹر لمبا سونے کا بار نگل لیا تھا اور تقریباً 6 گھنٹے بعد اسے اسپتال لایا گیا۔ ایکسرے میں سونے کا بار بچی کے معدے میں موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق سونے کا بار سخت اور وزنی ہونے کے ساتھ ہموار سطح کا حامل تھا، جس کے باعث نظامِ ہاضمہ میں پھنسنے اور معدے کی اندرونی جھلی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا، اس کے نتیجے میں معدے میں سوراخ اور شدید خون بہنے جیسی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق بچی نے گھر میں کھیلتے ہوئے سونے کا بار نگل لیا تھا، اہل خانہ اسے اسپتال لانے سے قبل کئی کلینکس میں لے گئے، تاہم وہاں اس کو فوری طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے نکالنے کی سہولت موجود نہیں تھی۔

اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی کے ذریعے سونے کا بار نکالنے کا فیصلہ کیا، طبی ٹیم نے انتہائی احتیاط سے اسنیر کی مدد سے بار کو پکڑا اور چند ہی منٹ میں اسے بحفاظت اور مکمل حالت میں معدے سے نکال لیا۔

اسپتال کے مطابق بچی کی حالت اب بہتر ہے اور اس کی تمام اہم جسمانی علامات مستحکم ہیں۔