لاہور میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
دکانداروں کے مطابق مختلف سبزیوں اور پھلوں کی قیمت میں 100 سے 150 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پھلوں کی پیٹیوں کی قیمتوں میں بھی ایک ہزار سے دو ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
کدو کی قیمت 150 سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو، گوبھی 150 سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو جبکہ بند گوبھی 150 سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
میتھی کی قیمت 300 سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو، شملہ مرچ 300 سے بڑھ کر 350 روپے فی کلو اور پیاز 120 سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ٹماٹر بھی 200 سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔
دکانداروں کے مطابق آڑو کے 6 کلو کے کارٹن کی قیمت 950 روپے، سیب کی پیٹی 2 ہزار سے بڑھ کر 3 ہزار روپے، آم کی پیٹی 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار روپے جبکہ انگور کی پیٹی 4 ہزار 500 سے بڑھ کر 5 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیاں اور پھل منڈی سے ہی مہنگے داموں مل رہے ہیں۔