کارتک آریان فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی، گھٹنے کی سرجری کروا لی

—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار کارتک آریان فلم کی شوٹنگ کے دوران ایکشن سین کرتے ہوئے گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے، جس کے بعد ان کی سرجری کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔

اداکار کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارتک آریان فلم کے ایک ایکشن سیکوئنس کی عکس بندی کے دوران گھٹنے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوئے، ان کی سرجری کامیاب رہی اور وہ اب گھر واپس آ کر آرام اور صحت یابی پر توجہ دے رہے ہیں۔

کارتک آریان ہدایت کار کبیر خان کی آنے والی اسپورٹس ڈرامہ فلم کی شوٹنگ کررہے تھے، فلم کا نام تاحال سامنے نہیں آیا اور یہ ’چندو چیمپئن‘ کے بعد کارتک آریان اور کبیر خان کی دوسری مشترکہ فلم ہے۔

رپورٹ کے مطابق کارتک آریان فلم میں کک باکسنگ کوچ کا کردار ادا کررہے ہیں، جس کی کہانی کک باکسر تاجمل اسلام کی زندگی سے متاثر ہے، اداکار نے اس جسمانی طور پر مشکل کردار کے لیے فٹنس اور خصوصی تربیت پر بھی خاصی محنت کی تھی۔

تاہم ایکشن سین کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگنے کے بعد انہیں سرجری کرانا پڑی، جس کے باعث فلم کی شوٹنگ کا شیڈول کچھ عرصے کے لیے متاثر ہونے کا امکان ہے، ان کی دوبارہ شوٹنگ پر واپسی کا انحصار صحت یابی پر ہو گا۔

یہ فلم کارتک آریان کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کہ وہ اپنے پروڈکشن بینر ’ڈوپامین اسٹوڈیوز‘ کے تحت پہلی مرتبہ بطور پروڈیوسر بھی کام کر رہے ہیں۔

کارتک آریان کو حال ہی میں 72ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں فلم ’چندو چیمپئن‘ میں پیرا اولمپک گولڈ میڈلسٹ مرلی کانت پیٹکر کے کردار پر بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔