بھارتی شہر دہلی کی پولیس نے بھتہ خوری کے مقدمے میں تقریباً 15 سال سے مفرور 72 سالہ شخص ہری سنگھ شیخاوت کو جے پور سے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہری سنگھ شیخاوت پر 2008ء میں ایک ملبوسات کی کمپنی سے بھتہ طلب کرنے کا الزام تھا جہاں وہ خود ملازمت بھی کرتا تھا، اس کے خلاف 15 مارچ 2008ء کو بھتہ خوری، مجرمانہ دھمکی اور کمپنی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت میں مسلسل پیش نہ ہونے اور قانونی کارروائی سے بچنے پر ملزم ہری سنگھ کو 2 اپریل 2016ء کو اشتہاری قرار دے دیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کے خصوصی سیل کی ٹیم نے طویل عرصے سے مفرور ملزمان کی تلاش کے دوران انسانی ذرائع سے نگرانی شروع کی، پولیس کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے گجرات اور بعد ازاں راجستھان منتقل ہو گیا تھا۔
ایک ماہ سے زائد عرصے کی نگرانی کے بعد پولیس کو 13 اگست کو اطلاع ملی کہ ہری سنگھ شیخاوت جے پور میں چھپا ہوا ہے، پولیس ٹیم نے جے پور کی ایک رہائشی سوسائٹی میں کارروائی کرکے اس کی شناخت اور رہائش کی تصدیق کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔
دہلی پولیس کے مطابق ہری سنگھ شیخاوت اعلیٰ تعلیم یافتہ ملزم ہے جس نے متعدد نامور کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر کام کیا تھا، اس کی گرفتاری کے ساتھ ہی دہلی، گجرات، ہریانہ اور راجستھان پولیس کی تقریباً 15 سالہ تلاش کا اختتام ہوگیا ہے۔