حنا جاوید کا معاملہ صرف ایک خاندان کا مسئلہ نہیں، اپنا مسئلہ سمجھ کر اٹھاؤں گی، ریحام خان

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے راولپنڈی میں مبینہ طور پر شوہر اور سسر کے ہاتھوں قتل ہونیوالی حنا جاوید کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ریحام خان نے کہا کہ حنا جاوید کا معاملہ صرف ایک خاندان کا مسئلہ نہیں۔ میں اسے اپنا خاندانی مسئلہ سمجھ کر اٹھاؤں گی۔ خواتین کا قتل بہت ہوگیا، اب خاموشی بھی بہت ہوگئی۔

ریحام خان نے واقعے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام افراد جو حنا کے قتل سے بہت پہلے سے جاری مبینہ تشدد اور زیادتی کو نظرانداز کرتے رہے یا اسے جاری رکھنے میں معاون بنے، وہ بھی جرم میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو اچانک قتل نہیں کر دیا جاتا۔ وہ پہلے تشدد برداشت کرتی ہیں، انہیں یہ تشدد برداشت کرنے کا کہا جاتا ہے، اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک انہیں قتل نہیں کردیا جاتا۔

خیال رہے کہ راولپنڈی میں شوہر نے والد اور ملازم کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے قتل کا واقعہ تھانہ سول لائن کے علاقے لال کرتی میں پیش آیا، جس میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

خاتون کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی ہے، جس کی 9 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے الزام میں مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔