ششی سنہا نے سنیتا آہوجا کے دعوے کی تردید کردی

بھارتی اداکار گووندا کے منیجر ششی سنہا نے سنیتا آہوجا کے دعوے کی تردید کردی اور امید ظاہر کی کہ جوڑا جلد باہمی اختلافات حل کرلے گا۔

گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق اور شادی شدہ زندگی کے تنازع نے اس وقت نیا موڑ لیا، جب اداکار کی اہلیہ نے طلاق کی درخواست واپس لینے کی وجہ بتائی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ طلاق کی درخواست صرف اس لیے واپس لی کیونکہ گووندا اور اداکارہ کومل رانی سورنکر دوسری شادی کا منصوبہ بنارہے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس پر اداکار کے منیجر ششی سنہا نے ان تمام دعووں کو سراسر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا اور دوسری شادی کی تمام افواہیں مسترد کردیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر گووندا ایسا کرنے کا ارادہ کرتے تو وہ خود طلاق کا کیس فائل کرتے، یہ محض سنیتا کی خام خیالی ہے، اس میں کوئی سچائی نہیں۔

ششی سنہا نے گھر کے ذاتی مسائل عوامی سطح پر لانے پر سنیتا آہوجا پر تنقید کی اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ دونوں بچے مستقبل اور سکون کی خاطر اختلافات جلد سلجھالیں گے۔

تنازع اُس وقت شدت اختیار کرگیا جبکہ گووندا اور کومل کو ایئرپورٹ پر ایک ساتھ دیکھا گیا تو سنیتا نے اپنے شوہر کو ’شوگر ڈیڈی‘ کہہ دیا، جس کے جواب میں اداکار نے انہیں حد میں رہنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی بالی ووڈ کے ایک گروہ پر خود کو بدنام کرنے کا الزام لگایا۔