کوئی ملک غیر ملکی اداروں کو کسی تیسرے ملک سے تجارت سے نہیں روک سکتا: اسماعیل بقائی

— فائل فوٹو

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی پابندیوں پر ردِعمل دیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کی نئی پابندیاں صرف ایران کے خلاف جاری معاشی جنگ تک محدود نہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کے ہر خود مختار رُکن ملک پر علاقائی حدود سے ماورا خود مختاری مسلط کرنے کا ایک دعویٰ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کسی خود مختار ملک پر اس کی جائز پالیسیاں تبدیل کرانے کے لیے معاشی دباؤ ڈالنا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ کوئی ملک غیر ملکی اداروں کو کسی تیسرے ملک سے قانونی تجارت ترک کرنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسی ثانوی پابندیوں کی بین الاقوامی قانون میں کوئی قانونی بنیاد نہیں، یہ اقوامِ متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی قیادت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں کوئی بھی صدر بننا نہیں چاہتا جو میرے لیے ایک مسئلہ ہے۔

جنوبی کیرولائنا میں سینیٹر ڈارلین گراہم کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس اب بحریہ، فضائیہ، ریڈار، فنی آلات اور دفاعی ساز و سامان کی تیاری کی صلاحیت نہیں رہی۔