ویویک اوبرائے نے اپنی پہلی فلم ’’کمپنی‘‘ سے فلم بینوں پر گہرا اثر چھوڑا، لیکن اپنا پہلا بریک حاصل کرنا ان کے لیے آسان سفر نہیں تھا۔ پردے کے پیچھے، ان کے والد اور سینئر اداکار سریش اوبرائے نے اپنے بیٹے کو فلم انڈسٹری میں موقع دلانے کے لیے سخت محنت کی۔
حال ہی میں سریش اوبرائے نے ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کس طرح اپنے بیٹے کے کام کے لیے در در بھٹکے۔ انہوں نے فلم ساز رام گوپال ورما سے بھی رابطہ کیا، جنہوں نے بالآخر ویویک کو وہ موقع دیا جس نے ان کے کیریئر کا رخ بدل دیا۔
ایک یوٹیوب چینل پر انٹرویو کے دوران سریش اوبرائے نے کہا کہ مجھے اس کے لیے دوبارہ جدوجہد کرنی پڑی، میں در در گیا۔ جیسے پہلے میں اپنی تصویریں لے کر جاتا تھا، ویسے ہی اب ویویک کی تصویریں لے کر گھوم رہا تھا۔
سریش اوبرائے نے بتایا کہ وہ اس وقت رام گوپال ورما کے ساتھ کام کر رہے تھے جب فلم ساز اپنی فلم ’’کمپنی‘‘ کے لیے ایک اداکار کی تلاش میں تھے۔ انہوں نے ویویک کی اداکاری کی ویڈیو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ مجھے یاد آیا کہ ان کے بیٹے کے پاس اپنے ایکٹنگ انسٹیٹیوٹ کی ایک ویڈیو موجود تھی۔
انہوں نے بتایا کہ رام گوپال ورما وہ ویڈیو دیکھنے ان کے گھر آئے اور ویویک کی اداکاری سے فوراً متاثر ہو گئے۔ اگرچہ ویویک نے سالوں کے دوران متعدد فلموں میں کام کیا ہے، لیکن سریش اوبرائے نے انکشاف کیا کہ ’’ساتھیا‘‘ اپنے بیٹے کی فلموں میں ان کی ذاتی پسندیدہ فلم ہے۔
انہوں نے فلم ’’کمپنی‘‘ میں اپنے بیٹے کی شاندار اداکاری دیکھنے کے بعد فخر کے احساس سے جذباتی ہونے اور آنکھوں میں آنسو آ جانے کا ذکر بھی کیا۔ ویویک اوبرائے کو آخری بار روہت شیٹی کی او ٹی ٹی ایکشن سیریز ’’انڈین پولیس فورس‘‘ اور کامیڈی فلم ’’مستی 4‘‘ میں دیکھا گیا تھا۔
ویویک اس وقت نیتیش تیواری کی بڑی فلم ’’رامائن‘‘ میں اپنے کردار کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی آنے والی فلموں میں وشال رنجن مشرا کی ’’گرے‘‘ بھی شامل ہے، جس میں وہ نتیا مینن اور آشش ودیارتھی کے ساتھ نظر آئیں گے۔