حکومت پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ایم او یو پر دستخط ہوگئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوگل کی اعلیٰ قیادت کے وفد کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ دیا اور ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکریٹری ضرار ہاشم خان اور گوگل کے ساؤتھ ایسٹ ایشیا اور ساؤتھ ایشیا پبلک پالیسی کے سربراہ ڈیوڈ ویلر نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
ایم او یو کے تحت گوگل 2026ء میں پاکستانی نوجوانوں کو 150,000 گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کرے گا، ان سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق زیادہ طلب والی تکنیکی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر آئی ٹی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت کے روڈ میپ کی تیاری کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔