ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز نہ ملنے کی وجہ سامنے آ گئی

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی شوبز کے معروف اداکار ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو رواں سال بھی قومی اعزازات کے لیے منتخب نہ کیے جانے کی وجہ سامنے آ گئی۔

ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نمایاں ستاروں میں شمار ہوتے ہیں، دونوں اداکار متعدد کامیاب فلموں اور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر مختلف اعزازات بھی مل چکے ہیں، تاہم انہیں اب تک قومی سطح پر اعزاز سے نہیں نوازا گیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال بھی قومی اعزازات کی فہرست میں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام شامل نہیں تھے، جبکہ ان کے ہم عصر اور بعض جونیئر اداکاروں، جن میں مہوش حیات اور سجل علی شامل ہیں، ان کو قومی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

 اب سندھ کے وزیرِ ثقافت ذوالفقار علی شاہ نے ایک موقع پر گفتگو کے دوران اس معاملے پر اہم انکشاف کیا ہے۔

وزیرِ ثقافت کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام قومی اعزاز کے لیے تجویز کیے گئے تھے، تاہم وفاقی حکومت نے انہیں اعزاز دینے کی منظوری نہیں دی۔

یہ بیان اس موقع پر سامنے آیا ہے جب فہد مصطفیٰ کے والد اور معروف اداکار صلاح الدین تونیو بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

بعض صارفین نے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز کا حق دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں اداکار پاکستانی شوبز کے بڑے ستارے ہیں اور انہیں یہ اعزاز ملنا چاہیے۔

قومی اعزازات کے لیے نام تجویز کیے جانے کے باوجود ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو اعزاز نہ ملنے کے معاملے نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔