مجھے پتہ ہے سرکاری اسپتالوں میں لوگوں سے پیسے لیے جا رہے ہیں: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں لوگوں سے پیسے لیے جا رہے ہیں، اسپتالوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی آج فعال ہو چکا ہے، پاکستان بھر سے مریض یہاں علاج کے لیے آ سکتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی طرح دوسری جماعتیں بھی کام کر رہی ہوتیں تو آج ملک ترقی کر رہا ہوتا، کسی بھی جماعت کا اولین مقصد عوام کی خدمت ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بااختیار لوگوں کو اللّٰہ نے عوام کی خدمت کے لیے چنا ہے، روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاح کے لیے فیصلے کرنا میری ذمے داری ہے، ڈاکٹر حسنات سمیت تمام ڈاکٹروں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں عوام کا صرف علاج مفت نہیں ہو رہا بلکہ مفت دوائیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے لیے فنڈز قائم کیے جا رہے ہیں، ہارٹ ٹرانسپلانٹ پر کم از کم 50 ہزار ڈالرز خرچ آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم ہوم ڈائیلاسز کی طرف جا رہے ہیں، ہوم ڈائیلاسز پروگرام کے تحت لوگوں کو مشینیں فراہم کریں گے۔