وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور شامی ہم منصب اسعد حسن الشیبانی کی وفد کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس سلسلے میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں فلسطین، گولان کی پہاڑیوں اور افغانستان، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔
اس دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تناؤ میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور شام نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔