سنیدھی چوہان نے امیتابھ کو اپنا پہلا کرش قرار دیا، لیجنڈری اداکار کا جواب وائرل

امیتابھ ببچن (دائیں)، سنیدھی چوہان (بائیں) – فوٹو: سوشل میڈیا

معروف گلوکارہ سنیدھی چوہان نے امیتابھ بچن کو اپنا پہلا کرش قرار دیا جس پر امیتابھ بچن کے جواب نے حاضرین کو قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔ 

مقبول ترین کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی ایک خاص قسط میں گلوکارہ سنیدھی چوہان نے بطور مہمان شرکت کی۔ شو کے دوران ماحول اس وقت انتہائی خوشگوار اور دلچسپ ہو گیا جب سنیدھی نے امیتابھ بچن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شو کے دوران سنیدھی چوہان نے امیتابھ بچن کی طرف دیکھتے ہوئے مسکرا کر کہا، ’سر، میں آج آپ کو ایک بات بتانا چاہتی ہوں۔ آپ میرا سب سے پہلا کرش تھے۔ جب میں چھوٹی تھی، تب سے ہی میں آپ کی مداح ہوں اور آپ مجھے بےحد پسند تھے۔‘

یہ سن کر امیتابھ بچن نے اپنے روایتی انداز اور گرم جوشی کے ساتھ جواب دیا، ’یہ سن کر تو ہمارا دل ہی باغ باغ ہو گیا۔ اگر ہمیں پہلے معلوم ہوتا تو ہم بھی ذرا پہلے تیاری کر لیتے!۔‘

امیتابھ بچن کا یہ برجستہ اور مزاحیہ جواب سن کر سنیدھی چوہان شرما گئیں اور پورا ہال تالیوں اور قہقہوں سے گونج اٹھا۔

دونوں فنکاروں کے درمیان اس خوشگوار اور دلکش گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔